Saturday 10 October 2015

اگر صبح اٹھ کر آپ کو بھی گردن میں درد کی شکایت ہوتی ہے تو سوتے وقت یہ آسان طریقہ آزما کر دیکھیں، ہمیشہ کیلئے چھٹکارا مل جائے گا

 گردن میں بل، موچ یا کھچاﺅ ایک ایسی تکلیف ہے کہ جو متاثرہ شخص کو ہلنے جلنے کے قابل بھی نہیں چھوڑتی۔ اس کا شکار بننے والے اکثر لوگ رات کو اچھے بھلے سوتے ہیں لیکن صبح گردن میں شدید درد کی وجہ سے بالکل بے بس نظر آتے ہیں۔
اس مسئلے کو سمجھنے کیلئے پہلے تو یہ جان لیں کہ آپ کی ریڑھی کی ہڈی کے تین بڑے حصے ہیں جنہیں لمبر، تھوریسک اور سروائیکل سپائن کہا جاتا ہے۔ ان میں سے آخری حصہ ہی وہ جگہ ہے جو گردن کے درد کا مرکز بنتی ہے۔ امریکی فزیکل تھراپسٹ مائیک رینالڈ بتاتے ہیں کہ گردن کے اس حصے میں ریڑھ کی ہڈی پر مہروں کے درمیان موجود جوڑوں کو استعمال کرکے ہم اپنی گردن اور سر کو حرکت دیتے ہیں۔ نیند کے دوران اگر سر کا وزن غلط زاویے پر دباﺅ ڈالتا رہے تو ان جوڑوں میں سوزش اور کھنچاﺅ پیدا ہوجاتا ہے اور ان میں اس قدر شدید تکلیف ہوتی ہے کہ سر کو حرکت دینا بھی ممکن نہیں رہتا۔
اس مسئلے سے بچنے کیلئے ایسی پوزیشن میں سوئیں کہ جس میں آپ کا سر آگے، پیچھے یا اطراف میں بہت زیادہ جھکنے یا مڑنے کا امکان نہ ہو۔ اگر آپ پیٹ کے بل سوئیں گے تو آپ کا سر قدرتی طور پر ایک طرف کو جھک جائے گا۔ کمر کے بل لیٹنا بہترین ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس صورت میں آپ کا سر تکیے پر ٹکا ہوتا ہے اور گردن کے مڑنے یا سر کے جھکنے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔ نرم اور آرام دہ تکیہ استعمال کریں، اور یاد رکھیں کہ اگر صبح اٹھنے پر گردن میںد رد کا احساس ہورہا ہو تو اس پر دباﺅ ڈالنے، مزید کھینچے یا انگڑائی لینے کی غلطی ہرگز نہ کریں ، کیونکہ ایسا کرنے سے مسئلہ انتہائی شدید ہو جائے گا اور درد ناقابل برداشت ہو گا۔اس کی بجائے گرم پانی سے نہائیں اور متاثرہ جگہ کی نرمی سے مالش کریں، اور فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

No comments:

Post a Comment